بنگلور:30/دسمبر (ایس او نیوز)آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر سید ناصر حسین نے بتایا ہے کہ موجودہ حالات اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کیلئے کافی پریشان کن ہیں، ایسے میں ان کا حالا ت کا سامنا صرف اور صرف اتحاد کے ذریعہ ہی ممکن ہے، جس کے پیش نظر ریاست کے بلاری شہر میں اتحاد ملت کے مقصد سے 2 جنوری بروز پیر رنگ مندر نزد نیو بس اسٹانڈ میں شام 6 تا رات 9.30 بجے عظمت مصطفیﷺ و صدرائے اتحاد کانفرنس منعقد ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک طرف ملک میں حکمراں طبقہ مسلمانوں کو نصرہ اتحاد دے رہا ہے، مگر افسوس کہ ہم اب بھی مسلکوں میں بٹے ہوئے ہیں، ہونا تو یہ تھا کہ موجودہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلئے ہم مسلکی جھگڑوں اور اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کلمہ توحید کی بنیاد پر ایک ہوجاتے۔ ڈاکٹر ناصر حسین نے بتایا کہ ملک کا ایک بڑا طبقہ سکیولر نظریات رکھتا ہے، ہمیں چاہئے کہ ان کا تعاؤن بھی حاصل کریں، اور ان کی حمایت کریں جو ہمارے مسائل کو لیکر تحریک چلارہے ہیں۔ ان کے مطبق اس کانفرنس میں بطور مقرر خصوصی آل انڈیا اتحاد ملت کونسل بریلی شریف کے صدر مولانا توقیر رضا خان شرکت کریں گے اور اتحاد ملت کا پیغام پیش کریں گے۔ جبکہ ریٹائرڈ آئی اے یس افسر صدائے اتحاد بنگلورو کے صدر سید ضمیر شاہ مہمان اعزازی ہوں گے اور وہ خود کلیدی خطاب پیش کریں گے۔